صدور نشین میں جی کروناکر ریڈی کو شامل کرنے کی تیاری
حیدرآباد /3 جولائی ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے ریاست میں ہر دو تین اضلاع کیلئے علاقائی ترقیاتی کونسلوں کا قیام عمل میں لانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور ان علاقائی ترقیاتی کونسلوں کیلئے وزارتی عہدے کا رتبہ فراہم کرتے ہوئے صدور نشین کا تقرر کرنے کا قوی امکان ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے بعض سینئیر قائدین و ارکان اسمبلی کو ابھی تک کوئی عہدے فراہم نہ کئے گئے ہیں اور ارکان اسمبلی کو وزارت میں شامل نہ کئے گئے ہوں انہیں ان علاقائی ترقیاتی کونسل کے صدور نشین عہدوں پر فائز کئے جانے کی توقع ہے ۔ اسی دوران ایک اور ذرائع کے مطابق حلقہ اسمبلی تروپتی کے وائی ایس آر کانگریس پارٹی رکن اسمبلی مسٹر بی کروناکر ریڈی کو علاقائی ترقیاتی کونسل کے صدرنشین کے عہدے پر فائز کئے جانے کا قوی امکان ہے اور اضلاع چتور ، نیلور اور پرکاشم کو ملاکر ایک علاقائی ترقیاتی کونسل تشکیل دئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ اسی طرح ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی ہر دو تین اضلاع کو ملاکر علاقائی ترقیاتی کونسل تشکیل دئے جانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت مسٹر بی کرونا کریڈی کو اضلاع چتور ، نیلور و پرکاشم پر مشتمل علاقائی ترقیاتی کونسل کا صدرنشین تقرر کرتے ہوئے بہت جلد احکامات جاری کرے گی ۔
