حیدرآباد۔آندھراپردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے کیمپ آفس سے ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ ایک اور فلاحی اسکیم وائی ایس آر کاپو نیستھم کا آغاز کیا۔اس موقع پر وزیراعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 13ماہ کی حکمرانی کے دوران وعدہ کے مطابق حکومت نے تمام فلاحی اسکیمات فراہم کئے ہیں۔یہ اسکیمات بغیرکسی نقائص کے شفاف انداز میں جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس نے بیشتر فلاحی اسکیمات کے ذریعہ ریاست کے 3.98کروڑافراد کو 43000کروڑروپئے فراہم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے امی ووڈی،وستی دیوننا،ودیادیوننا،رعیتو بھروسہ،پنشن کنوکا،واہنا مترا،جگن انا چیوڑو ، نیتتان نیستھم متعارف کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس نئی اسکیم کے آغاز کا مقصد کسی بھی طبقہ جیسے کاپو،تیلاگا،اونٹری اور بالیجہ سے تعلق رکھنے والی 45تا60برس کی عمر کی خواتین کو فائدہ پہنچانااور ان کے معیار زندگی میں بہتری پیداکرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کے ذریعہ 2,37,873خاتون استفادہ کنندگان کو ہر سال 15000روپئے کی رقم مالی امداد کے طورپر دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ اسکیم ان 9اسکیمات میں سے ایک ہے جس کا وعدہ انتخابات سے پہلے کیاگیا تھا۔