جگن حکومت کی خاموشی پر پون کلیان کی تنقید
حیدرآباد: جنا سینا کے سربراہ پون کلیان نے آندھراپردیش میں مندروں پر حملوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیااور وجئے نگرم ضلع کے راما تیرتم مندر میں کودنڈا راما سوامی کے مجسمہ کو منہدم کرنے اور اس کی توہین کی مذمت کی جس کا سر تن سے جدا کیا گیا ۔ انہوں نے آندھراپردیش حکومت کی خاموشی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ ایک سال سے حکومت مندر کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ پون کلیان نے کہا کہ لارڈ رام کے مجسمہ کو نقصان پہنچانا اور سر کے حصہ کو اپنے ساتھ لے جانا معمول کی کارروائی نہیں ہے۔ ریاستی حکومت مندروں پر حملہ کے واقعات کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لکشمی نرسمہا سوامی مندر کے رتھ کو آگ لگانے والے افراد کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا ۔ ایسے وقت جبکہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا کام جاری ہے ، آندھراپردیش میں لارڈ رام کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا گیا ۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ہندو مندروں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ پر خاموش کیوں ہیں؟ چیف منسٹر کو تمام مذاہب کا یکساں طورپر احترام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے تحت آندھراپردیش میں ہندو مت پر حملے کئے جارہے ہیں۔ پون کلیان نے مرکزی وزارت داخلہ سے اپیل کی کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مندروں پر حملوں کے واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دے۔