بدویل ضمنی انتخابات کو دوبارہ منعقد کرنے پر زور، بورگو رتنم امیدوار کی بھوک ہڑتال
حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے ضمنی چناؤ میں دھاندلیوں کا الزام لگانے والے آزاد امیدوار بورگو رتنم نے بدویل ضمنی انتخابات کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ بورگو رتنم نے انتخابات اور انتخابی عمل میں دھاندلیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا۔ گزشتہ 10 گھنٹے سے بورگو رتنم بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے وائی ایس آر سی پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بدویل ضمنی چناؤ میں وائی ایس آر پارٹی نے 30 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے ووٹوں کو خریدا۔ ریاست کے وزراء ، اراکین اسمبلی اور ایم ایل سیز یہاں کیمپ کئے ہوئے تھے۔ ووٹروں کو اپنے جال میں پھانسنے رقم کو پانی کی طرح بہاتے ہوئے ووٹروں کو دوسرے مقامات سے بدویل منتقل کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اننت پور اور دیگر مقامات سے رائے دہندوں کو طلب کرتے ہوئے رائے دہی کروائی گئی۔ انتخابات میں 30 لاکھ کے بجائے 30 کروڑ خرچ کئے گئے۔ ع
انہوں نے بتایا کہ ان حالات سے متعلقہ عہدیداروں کو واقف کروانے کے باوجود کوئی نتائج نہیں نکلے اور نہ ہی وائی ایس آر سی پی کی سرگرمیوں پر کوئی روک لگی۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ و منصفانہ انداز میں انتخابات کو جاری رکھنے اور جمہوریت پر عام آدمی کے یقین کو بڑھانے کیلئے فوری بدویل کے انتخابات کو منسوخ کیا جائے اور دوبارہ رائے دہی کروائی جائے۔ ع