دیگر کورسیس میں داخلوں کیلئے انٹرنس شیڈول کو قطعیت
حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں پالی ٹیکنک کالجوں کے سہ سالہ ڈپلوما کورسیس میں داخلوں کیلئے ’’ پالی سیٹ 2019 ‘‘ 12 اپریل کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاستی وزیر فروغ انسانی وسائل مسٹر جی سرینواس راؤ نے اس بات کا اعلان کیا اور انہوں نے پالی سیٹ کے شیڈول کو جاری کیا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش میں جملہ 292 پالی ٹیکنک کالجس پائے جاتے ہیں اور ان کالجوں میں پائی جانے والی جملہ 72,842 نشستوں پر داخلوں کیلئے انٹرنس ٹسٹ منعقد کیا جائے گا۔ پالی سیٹ کیلئے جملہ 389 امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ اس مرتبہ پالی سیٹ میں کامیابی کیلئے اقل ترین (اہلیتی نشانات ) کو 30 سے گھٹاکر 25 کئے جارہے ہیں۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے بتایا کہ دیگر پروفیشنل کورسیس وغیرہ میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے ٹسٹوں، کامن انٹرنس ٹسٹوں، اکیڈیمک کیلنڈر کی بنیاد پر آن لائن منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ای سیٹ کا 19 اپریل کو ایمسیٹ کا 20 اپریل، آئی سیٹ کا 26 اپریل کو، یکم مئی کو پی جی سیٹ۔ 6 مئی کو ایڈسیٹ اور لاسیٹ وغیرہ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ مکمل تفصیلات متعلقہ ویب سائیٹ پر دستیاب رکھی گئی ہیں۔