اے پی میں پراجیکٹس کی تعمیرات میں بے قاعدگیاں ناقابل برداشت

   

Ferty9 Clinic

ٹنڈرس کے طریقہ کار میں مکمل شفافیت پیدا کی جائے ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے انجینئرنگ عہدیداروں پر واضح کردیا کہ پراجکٹس کی تعمیرات میں کسی طرح کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور ان کے تدارک کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ ٹنڈرس کے طریقہ کار میں شفافیت پیدا کرنے رہنما خطوط مرتب کرکے مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ مختلف محکموں و حکومت کے موجودہ طریقہ کار کو ختم کرکے نئے طریقہ کار کو متعارف کرنے اور ٹنڈروں کے طریقہ کار میں شفافیت پیدا کرنے علحدہ کمیشن قائم کیا جائیگا۔ چیف منسٹر نے آج شعبہ انجینئرنگ کے تمام ممتاز ماہرین پر مشتمل کمیٹی کے ساتھ اجلاس طلب کرکے مکمل صورتحال کا جائزہ لیا اور اس خیال کا اظہار کیا کہ پراجکٹس میں بے قاعدگیوں اور کرپشن میں اضافہ ہوچکا ہے اور بعض گوشوں سے پراجکٹس کے تعمیری کاموں میں بے قاعدگیوں و کرپشن کو نظر انداز کرنے دباؤ ڈالا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اعلیٰ سطح تا نچلی سطح تک پیام پہنچانے کی ضرورت ہے۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ہماری ریاست میں مکمل شفافیت کا ملک بھر میں ہر ایک کو علم ہونا چاہئے۔ ان حقائق سے واقف کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ محض ٹنڈرس سسٹم اور پراجکٹس میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کے تعلق سے شفافیت پیدا کرنے ’جوڈیشیل کمیشن اور ریورس ٹنڈرنگ کے تعلق سے ممتاز ماہرین کو مشورہ دیا اور پولاورم پراجکٹ کے تعمیری کاموں میں مبینہ بے قاعدگیوں کا جگن موہن ریڈی نے تذکرہ کیا اور کہا کہ ان کیلئے پولاورم پراجکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لہٰذا اس کے کاموں میں بے قاعدگیوں و کرپشن کی تفصیلات سے انہیں واقف کروانے کی ماہرین کمیٹی کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش مالی اعتبار سے مشکل حالات سے دوچار ہے اور بے قاعدگیوں و کرپشن کی وجہ سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ لہٰذا اس صورتحال میں بہتری پیدا کرکے ریاست کے موقف میں بھی بہتری پیدا کرنے اقدامات کی ضرورت پر مسٹر جگن موہن ریڈی نے زور دیا۔