حیدرآباد15جنوری(یواین آئی) ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے ۔ دارالحکومت کے 29مواضعات کے کسان اس مسئلہ پر احتجاج کررہے ہیں۔ان کسانوں نے سنکرانتی تہوار کو نہ منانے اور اپنا احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔کسانوں کی بڑی تعداد نے دارالحکومت کے مسئلہ پر اپنی زنجیری بھوک ہڑتال بھی جاری رکھی ۔ سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے سنکرانتی تہوار کی تقاریب کو منسوخ کردیا اور اپنے ارکان خاندان کے ساتھ کسانوں کے احتجاج میں حصہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چندرابابو نے کہاکہ انہوں نے اس مرتبہ ریاست کے کسانوں کو سنکرانتی کی مبارکباد نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس سال کی سنکرانتی کافی دکھ بھری ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20تا25برس سے ان کی بیوی اور وہ ان کے آبائی مقام ناراواری پلی میں سنکرانتی سے دودن پہلے پہنچ جاتے تھے اور سنکرانتی تہوار جوش وخروش سے منایا کرتے تھے تاہم اس مرتبہ انہوں نے سنکرانتی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ امراوتی کو ہی دارالحکومت کے طورپر برقرار رکھنے احتجاج کرنے والے کسانوں کے ساتھ وہ کھڑے ہیں۔اس موقع پر کسانوں کے لیڈروں نے حکومت کے رویہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو ایک ہی دارالحکومت چاہئے جس کا وعدہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے ان کی اراضیات نئے دارالحکومت کی تعمیر کیلئے لیتے وقت کیا تھا۔