حیدرآباد25اپریل (یواین آئی) اے پی میں کورونا وائرس کے 61نئے مثبت معاملات درج ہوئے ہیں۔اس تلگوریاست میں روز بروز اس وبا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے جمعرات کو نئے معاملات کے سلسلہ میں بلیٹن جاری کیاگیا ہے ۔نئے معاملات کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے مریضوں کی ریاست میں تعداد بڑھ کر1016تک جاپہنچی۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران یہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔سب سے زیادہ معاملات گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع کرشنا میں درج کئے گئے ہیں۔اس ضلع میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 25افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔دوسرے نمبر پر ضلع کرنول رہا جہاں 14معاملات کورونا وائرس کے درج کئے گئے ہیں۔تیسرے نمبر پر ضلع اننت پوررہا ہے ۔اس ضلع میں 5نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔اضلاع وجیانگرم،مغربی گوداوری میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کوئی بھی نیامعاملہ درج نہیں ہوا ہے جبکہ بہ حیثیت مجموعی 275معاملات کے ساتھ سب سے آگے ضلع کرنول ہے ۔دوسرے نمبر پر ضلع گنٹور ہے جہاں 209معاملات درج کئے گئے ہیں۔ اب تک171افراد روبہ صحت ہوگئے ہیں جن کو گھرجانے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔سب سے زیادہ روبہ صحت ہونے والے 29 افرادکرشناضلع کے ہیں۔ ریاست میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 31تک جاپہنچی ہے ۔