اے پی میں کورونا وائرس کے معاملات 19ہوگئے

   

وجئے واڑہ29مارچ(یواین آئی) اے پی میں کورونا وائرس کے مثبت معاملات کی تعداد بڑھ کر 19ہوگئی اور60افراد کی طبی جانچ کی رپورٹس کا انتظار ہے ۔ہفتہ کو ہی ریاست میں 6نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جس سے ریاست میں تیزی سے اس وائرس کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں۔ پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ معاملات درج کئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان 6معاملات میں سے دو گنٹورضلع،دو پرکاشم ضلع،ایک ضلع کرشنا اور ایک ضلع کرنول میں درج کئے گئے ۔ان 6نئے معاملات کے بعد اب ریاست میں اس موذی وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 19ہوگئی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ایک 51سالہ شخص ضلع گنٹور میں اس وائرس سے مثبت پایا گیا جو حال ہی میں دہلی سے واپس ہوا تھا۔اس نے اس سے ملنے والے دوسرے فرد کو اس سے متاثر کردیا۔پرکاشم ضلع میں ایک ضعیف شخص اس سے مثبت پایا گیا۔وہ بھی دہلی سے حال ہی میں واپس ہوا تھا۔ضلع کرشنا میں ایک 65سالہ شخص جو مکہ سے واپس ہوا تھا،کورونا وائرس سے متاثر پایاگیا۔ایک 23سالہ نوجوان جس کا تعلق راجستھان سے ہے اور جو ریلوے میں گینگ مین کے طورپر کام کرتا ہے ،بھی کرنول ضلع میں کورونا وائرس سے مثبت پایاگیا۔ایک ہی دن میں 6نئے معاملات کے سامنے آنے کے باوجود بھی اے پی کے تمام اہم شہروں میں لوگ بڑی تعداد میں مٹن کی دکانات اور مچھلی کی دکانات پر دیکھے گئے ۔اسی دوران ریاستی حکومت نے راشن کی دکانات کے ذریعہ مفت چاول اورتور کی دال کی تقسیم کی شروعات کی گئی ہے جس کو حاصل کرنے کے لئے اتوار کو راشن کی دکانات پر لوگوں کو طویل قطاروں میں دیکھا گیا۔عہدیداروں نے کئی مقامات پر سماجی فاصلہ بنائے بغیر دکانات سے اشیا کی خریداری کی۔