اے پی میں کے کوروناکنٹینمنٹ زونس میں سخت احتیاط

   

حیدرآباد ۔ 10 ؍ مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرـکزی وزارت امور داخلہ نے کوویڈ ۔19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ملک میں نافذ لاک ڈاون کے درمیان مختلف اضلاع میں نرمی اور چند منتخب دوکانات کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے یکم مئی اور 3 مئی کو ضروری احکام جاری کئے تھے ۔ اس ضمن میں آندھراپردیش کے اسپیشل چیف سکریٹری برائے حکومت نے تمام میونسپل کارپوریشنوں اور ضلع کلکٹرس کے نام ضروری نوٹ جاری کیا ہے ‘ جس میں کہا ہے کہ حکومت ہند نے چند علاقوں میں دوکانوں کی محدود کشادگی کی اجازت دی تھی تاہم ریاست کے حالات کو ملحوظ رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ کنٹینمنٹ زون ‘ اساسی علاقوں میں اور بفر زون میں کوئی دوکان کھلی نہیں رکھی جائے گی ۔ تا وقتیکہ ان علاقوں کو کنٹینمنٹ زون یا بفر زون کے زمرہ سے باہر نہیں کیا جاتا ۔ تاہم ماباقی تمام دوسرے مقامات پر صرف 10 دن تا 5 بجے شام دوکانات کھلی رہیں گی ۔ تاہم فارمیسی اور دیگر چند دوکانات کو مقررہ وقت سے مزید چند گھنٹے زائد کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے گی ۔