اے پی میں 10 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات

   


شیڈول جاری ،10مارچ کو ووٹنگ ، 14مارچ کو نتائج کا اعلان
حیدرآباد: آندھراپردیش الیکشن کمیشن نے 10 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ وجئے نگرم ، ایلور ، مچھلی پٹنم ، گنٹور ، اونگول ، تروپتی ، چتور ، کڑپہ ، کرنول اور اننت پور میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 10 مارچ کو ہوں گے ۔ 2 مارچ سے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ 3 مارچ کو نام واپس لئے جاسکتے ہیں اور اسی دن امیدواروںکی فہرست جاری کردی جائے گی۔ 10 مارچ کو رائے دہی اور دوبارہ چناؤ کی صورت میں 13 مارچ کو رائے دہی ہوگی ، ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان 14 مارچ کو کیا جائے گا ۔ آندھراپردیش میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث میونسپل کارپویشن کے انتخابات کو ملتوی کیا گیا تھا ۔ ریاست میں کورونا کی وباء سے بڑے پیمانے پر لوگو ں کے متاثر ہونے اور اموات سے حکومت کو انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا ۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے جس کے باعث حکومت نے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔آج ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد کم ریکارڈ کی گئی ۔