اے پی میں 16سالہ لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی

   

Ferty9 Clinic

پانچ دن تک گھناؤنے جرم میں ملوث 6 ملزمین گرفتار ، 3 کمسن شامل
امراوتی ۔ 23 جون (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے اونگول ٹاؤن میں ایک 16 سالہ لڑکی کی گزشتہ پانچ دن کے دوران 6 افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی جن میں 6 کمسن لڑکے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کہا کہ تمام ملزمین کو ریاست کے مختلف مقامات سے گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے مسئلہ پر ایک تنازعہ کھڑا ہونے کے بعد ریاستی ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر داخلہ ایم سچاریتا نے تمام خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا ہے۔ پرکاشم ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ کوشل نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ایک ملزم نے اس لڑکی سے اس وقت دوستی کرلی تھی جب وہ 17 جون کو اونگول میں آر ٹی سی بس اسٹیشن پر اپنی کسی سہیلی کا انتظار کررہی تھی۔ لڑکا اس کو اپنے گھر لے گیا جہاں وہ اور اس کے پانچ دوستوں نے تقریباً پانچ دن تک اجتماعی عصمت ریزی کی۔ لڑکی کا تعلق پڑوسی ضلع گنٹور سے ہے، وہ ان ملزمین کے شکنجے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوتے ہوئے ہفتہ کی شام بس اسٹیشن پہنچی جہاں ڈیوٹی پر فرائض انجام دینے والے ہوم گارڈ وینکٹیشورلو اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس بابو راؤ کو تمام واقعہ کی اطلاع دی۔ بعدازاں اس لڑکی کو علاج کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔