کورونا کے کیسوں میں اضافہ پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد۔30 ۔جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے کورونا کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاست میں نائیٹ کرفیو میں 14 اگست تک توسیع کردی ہے ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا ۔ دوسری لہر کا اثر کئی ریاستوں میں کمزور پڑچکا ہے لیکن آندھراپردیش کے کئی اضلاع ابھی کورونا کی زد میں ہیں۔ گزشتہ ہفتہ سے کیسوں میں اضافہ کا رجحان ہے ، لہذا حکومت نے نائیٹ کرفیو میں 14 اگست تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا ۔ رات 9 بجے تک تجارتی سرگرمیوں کی اجازت رہے گی جبکہ گھر واپسی کیلئے ایک گھنٹہ کی مہلت رہے گی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ کرفیو کی خلاف ورزی اور تحدیدات توڑنے پر سخت کارروائی کی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹیکہ اندازی کا عمل تیز کیا جائے ۔ انہوں نے 16 اگست سے اسکولوں کی کشادگی کے پس منظر میں عہدیداروں سے کہا کہ وہ ٹیچرس کی ٹیکہ اندازی ترجیحی بنیادوں پر کریں۔ مئی سے جولائی تک خانگی دواخانوں میں ٹیکہ کی 433800 خوراک سربراہ کی گئی جس میں سے 524347 سے استفادہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے خانگی ہاسپٹلس کی بجائے سرکاری دواخانوں میں ویکسین حاصل کرنے کی تجویز پیش کی ۔