اے پی ‘نائیٹ کرفیو میں 21 اگسٹ تک توسیع‘ 5 اضلاع میں کورونا کے کیسوں میں اضافہ

   

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کورونا کیسس کا تسلسل جاری رہنے پر آندھرا پردیش حکومت نے جاریہ نائیٹ کرفیو میں 21 اگسٹ تک توسیع کردی ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ رات 9 بجے تک تجارتی سرگرمیوں کی اجازت رہے گی اور 10 بجے تک عوام گھر واپس ہوسکتے ہیں۔ رات 10 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ آندھرا پردیش کے تقریباً 5 اضلاع میں کورونا کیسس میں اضافہ کا رجحان برقرار ہے۔ ملک میں کورونا کی امکانی لہر کے اندیشہ کے تحت حکومت نے نائیٹ کرفیو میں توسیع کی ہے تاکہ عوام کی نقل و حرکت پر کنٹرول کیا جاسکے۔ آندھرا پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 70 ہزار کورونا ٹسٹ کئے گئے اور روزانہ دیڑھ ہزار سے زائد نئے کیس منظر عام پر آرہے ہیں جبکہ اموات کی تعداد یومیہ تقریباً 15 درج کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت کو امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے سرکاری دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط بیڈس کی تعداد اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔