حیدرآباد4 اکتوبر ( یو این آئی) حکومت سے دیئے جانے والے ماہانہ وظیفہ کی رقم ہڑپ کرلینے پر سکریٹریٹ ملازم کو ضعیف شہریوں نے ایک کمرہ میں بند کردیا ۔ یہ انوکھا واقعہ اے پی کے گنٹور ضلع کے ڈوڈلیرو گاؤں میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق اس ماہ کی پہلی تاریخ کو ضعیف شہریوں کو وظیفہ کی رقم تقسیم کی جانی تھی تاہم سکریٹریٹ کے ملازم جس کی شناخت منوج کے طورپر کی گئی ہے نے وظیفہ کی رقم دینے کے بہانے ضعیف افرادکے انگوٹھے کے نشانات لئے لیکن رقم ادا نہیں کی۔ اس پر ان ضعیف شہریوں نے احتجاج کرکے منوج کو کمرہ میں بند کردیا اور اس سے سوالات پوچھے ۔ منوج کے مطمئن نہ کرنے والے جوابات ملنے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ ضعیف افرادکا الزام ہے کہ ان سے انگوٹھے کے نشانات لے کر رقم ہڑپ کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ یوریا کے نام پر بھی رقم لینے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا کہ منوج کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔