اے پی و تلنگانہ میں آئندہ ماہ راجیہ سبھا انتخابات، آٹھ ارکان کی سبکدوشی

   

حیدرآباد 25 فروری (این ایس ایس) الیکشن کمیشن نے ریاستی قانون ساز کونسل کے دو سالہ میعاد کے لئے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ راجیہ سبھا کے چند ارکان کی میعاد اپریل میں ختم ہوگی۔ تلنگانہ سے منتخب کے وی پی رامچندر راؤ اور گاریکا پائی موہن راؤ کی میعاد 9 اپریل کو ختم ہوگی۔ تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق انتخابی اعلامیہ 6 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 13 مارچ ہوگی۔ تنقیح 16 مارچ کو ہوگی۔ دستبرداری کی آخری تاریخ 18 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ 26 مارچ کو صبح 9 بجے تا 4 بجے شام پولنگ ہوگی۔ اسی روز ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ انتخابی عمل 30 مارچ تک مکمل ہوجائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 17 ریاستوں کے 55 ارکان راجیہ سبھا کی میعاد ختم ہورہی ہے۔ آندھراپردیش کوٹہ کے تحت منتخب ارکان میں محمد علی خان، ٹی سبی رامی ریڈی، تھوٹا سیتا راما لکشمی اور کے کیشو راؤ بھی شامل ہیں جن کی میعاد 9 اپریل کو ختم ہوگی۔