چیف منسٹر جگن موہن ریڈی خود ٹیکہ اندازی کا معائنہ کریں گے
امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں بھی کل 16 جنوری سے کورونا ٹیکہ اندازی مہم کے آغاز کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ٹیکہ اندازی مراکز پر یہ ٹیکے روانہ بھی کردئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کل بذات خود ٹیکہ اندازی مہم کا معائنہ کرینگے ۔ وہ 11.30 بجے دن جی جی ایچ پہونچیں گے اور اس مہم کا مشاہدہ کرینگے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی بھی ٹیکہ اندازی کے عمل کا راست نظارہ بھی کرینگے ۔ آندھرا پردیش میں جملہ 332 مراکز پر ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا جائیگا ۔ پہلے مرحلے میں ریاست میں جملہ 3.83 لاکھ میڈیکل عملہ کو یہ ٹیکے دئے جائیں گے ۔ کرشنا ضلع کلکٹر امتیاز نے وجئے واڑہ گورنمنٹ ہاسپٹل میں آج کورونا ٹیکہ اندازی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کل ٹیکہ اندازی کے موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی اور چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ میں ٹیکہ اندازی کا راست نظارہ بھی کرینگے ۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم ٹیکہ اندازی کے عمل سے وابستہ طبی عملہ اور عہدیداروں سے بات چیت بھی کرینگے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست بھر میں ٹیکہ اندازی کے جملہ 332 مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ان میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ طبی عملہ کی بھی نشاندہی کرلی گئی ہے جنہیں پہلے مرحلے میں ریاست میں کورونا ٹیکے دئے جائیں گے ۔