اے پی کی تلگودیشم دور حکومت میں عوام کے ساتھ دھوکہ، وائی ایس آر کانگریس کو اقتدار پر غریبوں کو مکانات کی فراہمی: جگن موہن ریڈی

   

حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاستی تلگودیشم حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت پانچ سالہ حکومت میں عوام کے ساتھ مکمل دھوکہ کیا گیا اور گزشتہ انتخابات کے موقع پر عوام کے ساتھ کیئے ہوئے وعدوں اور دیئے گئے تیقنات کو پورا نہیں کیا۔ آج مچھلی پٹنم انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی موت کے بعد مچھلی پٹنم پورٹ کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مچھلی پٹنم پورٹ کے لیے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے 33 ہزار ایکڑ اراضیات کے حصول سے متعلق نوٹیفکیشن دیا گیا۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرتے ہوئے برسر اقتدار آنے پر مچھلی پٹنم پورٹ کے لیے صرف 4500 ایکڑ اراضی ہی حاصل کرے گی۔ انہوں نے ریاست میں غریب عوام کو امکنہ جات کی فراہمی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے پر تمام غریبوں کو اراضی امکنہ فراہم کرکے مکانات تعمیر کرکے دینے کا جگن موہن ریڈی نے واضح تیقن دیا۔ جگن موہن ریڈی نے اس بات کا ادعا کیا کہ بہرصورت ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے آندھراپردیش ریاست میں حکومت ضرور تشکیل دے گی۔