فرنیچر منتقلی کے نام سیاسی رنگ کے ذریعہ استحصال، ڈاکٹر کے سیوا پرساد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) سابق اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے الزام عائد کیا کہ محض سابق میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تلگودیشم پارٹی میں شامل ارکان اسمبلی کو نااہل قرار نہ دینے کی وجہ سے ہی موجودہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیرقیادت حکومت ان کے ساتھ انتقامی بدلہ لے رہی ہے اور انہیں ہر لحاظ سے ہراساں کرنے کیلئے ہی فرنیچر منتقلی کے موضوع کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے اس مسئلہ کا غلط انداز میں استحصال کررہی ہے۔ آج گنٹور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسمبلی فرنیچر کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ اب تک دو مرتبہ متعلقہ عہدیداران اسمبلی کو اور ایک مرتبہ موجودہ اسپیکر اسمبلی کو مکتوب تحریر کرکے روانہ کرنے کے باوجود ابھی تک کوئی ردعمل حاصل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی 7 جون کو ہی اسمبلی سکریٹری کو مکتوب تحریر کرکے روانہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کیلئے سی آر ڈی اے نیا فرنیچر فراہم کرنے کی وجہ سے حیدرآباد اسمبلی سے منتقل کیا گیا فرنیچر اپنے کیمپ آفس کو عہدیداروں کی اجازت سے روانہ کیا گیا۔ ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے کہا کہ وہ فرنیچر روک دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں بلکہ فرنیچر روانہ کرنے کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔