اے پی کے دارالحکومت کی منتقلی روکنے مرکز مداخلت کرے

   

وینکیانائیڈو سے کسانوں کے وفد کی خواہش
حیدرآباد4 فروری( سیاست نیوز ) امراوتی کو ہی اے پی کا دارالحکومت برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جدوجہدکرنے والے علاقہ کے کسانوں نے آج قومی دارالحکومت نئی دہلی میں نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی۔کسانوں کے وفد نے دارالحکومت امراوتی کی منتقلی سے پیداہونے والے مسائل اور ان کی اس خصوص میں مخالفت و جدوجہد سے واقف کروایا۔ان کسانوں نے مسٹر نائیڈو سے خواہش کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔انہوں نے الزام لگایاکہ اس مسئلہ پر احتجاج کرنے والے کسانوں اور خواتین پر پولیس حملے کر رہی ہے ۔ساتھ ہی کسانوں کے خلاف معاملات بھی درج کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کی منتقلی کے معاملہ میں فوری طورپر مرکز مداخلت کرے اور ان کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔ان کسانوں نے کہاکہ اس مسئلہ پر صدر جمہوریہ سے بھی ملاقات کا وقت مانگا گیا ہے اور ان کو بھی اس سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کروایا جائے گا۔مرکزی وزراراج ناتھ سنگھ،نرملاسیتارمن سمیت بی جے پی کے سرکردہ لیڈروں،اپوزیشن لیڈروں راہل گاندھی،سونیا گاندھی،سیتارام یچوری سے بھی ملاقات کرتے ہوئے امراوتی کے مسائل سے واقف کروایاجائے گا۔کسانوں کے وفد کے ساتھ ساتھ ارکان پارلیمنٹ جی جئے دیو،سیتارامالکشمی اور دیگر نے بھی نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کی۔