حیدرآباد10جون(یواین آئی)سی پی آئی اے پی یونٹ نے ریاستی حکومت پر زوردیا کہ وہ دسویں جماعت کے امتحانات کورونا وبا کے پیش نظرمنعقد نہ کرے ۔ وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کو لکھے گئے مکتوب میں سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے راما کرشنا نے ان سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ اورپنجاب حکومتوں کی تقلید کرے اوردسویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کردے ۔انہوں نے کہاکہ دسویں جماعت کے تقریبا6.30لاکھ طلبہ جن کا تعلق پرائیویٹ اور سرکاری اسکولس سے ہے ،امتحان تحریر کرنے والے ہیں۔علاوہ ازیں تقریبا ایک لاکھ نگران کار،فلائنگ اسکواڈس اور غیر تدریسی اہلکاروں کو دسویں جماعت کے امتحانات کے لئے کام کرنا پڑے گا۔سی پی آئی لیڈر نے اس مکتوب میں کہا کہ دسویں جماعت کے امتحانات منعقد کرنا موجودہ صورتحال میں مشکل ہے اور بہتر یہی ہے کہ ان امتحانات کو ملتوی کردیاجائے اور تمام دسویں جماعت کے طلبہ کو پروموٹ کردیاجائے ۔