اے پی کے سابق وزیر اچن نائیڈو ای ایس آئی اسکام میں گرفتار

   

امراوتی 12 جون ( پی ٹی آئی ) سینئر تلگودیشم لیڈر و سابق وزیر کے اچن نائیڈو اور پانچ دوسروں کو آج اینٹی کرپشن بیورو نے 150 کروڑ روپئے کے ای ایس آئی میڈیکل خریداری اسکام میں ملوث رہنے پر گرفتار کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ اسکام سابقہ تلگودیش مدور حکومت میں ہوا تھا ۔ اے سی بی پی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اچن نائیڈو کو ان کی قیامگاہ سریکاکلم ضلعسے گرفتار کیا گیا جبکہ سابق ای ایس آئی ڈائرکٹرس سی روی کمار و جی وجئے کمار کو تروپتی و راجمنڈری سے گرفتار کیا گیا ۔ ای ایس آئی جوائنٹ ڈائرکٹر جناردھن اور سینئر اسسٹنٹ چکراورتی کو وجئے واڑہ میں گرفتار کیا گیا ۔ اچن نائیڈو سابقہ تلگودیشم حکومت میں وزیر لیبر تھے جب مبینہ طور پر یہ اسکام ادویات و طبی آلات کی خریداری میں ہوا تھا ۔ ویجلنس و انفورسمنٹ محکمہ نے ای ایس آئی خریداری کی تحقیقات کرکے بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا ادعا کیا تھا ۔ یہ شبہ تھا کہ یہ 150 کروڑ روپئے کا اسکام تھا ۔ جیسے ہی اچن نائیڈو کو ان کی قیامگاہ سے گرفتار کیا گیا تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے اس گرفتاری کو پسماندہ طبقات پر ایک شدید حملہ قرار دیا ہے ۔