برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر لاپرواہی برتنے کا الزام، سوجنا چودھری کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 اگست (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں پیدا شدہ سیلاب کی صورتحال سے قبل از وقت نمٹنے میں ریاستی حکومت کے مکمل ناکام ہوجانے کا بی جے پی قائد و ر رکن پارلیمان مسٹر سوجنا چودھری نے الزام عائد کیا اور کہا کہ اوپری ریاستوں کی جانب سے سیلاب کی صورتحال سے قبل از وقت اطلاعات فراہم کرنے کے باوجود عوام کو سیلاب کی صورتحال کے تعلق سے باخبر کرنے میں گورنمنٹ مشنری نے اپنی غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ مسٹر سوجنا چودھری نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیلاب کے متاثرین کیلئے کم از کم دس ہزار روپئے مالی امداد فوری طور پر فراہم کرنے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے پرزور مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں سیلاب کے متاثرین کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی، غذائی پیاکٹس، پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امداد کی فراہمی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت بہت جلد فیصلہ کرے گی۔ بی جے پی رکن پارلیمان مسٹر سوجنا چودھری نے ریاستی حکومت کے طرز کارکردگی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاستی نظم و نسق چلانے کا یہ طریقہ کار نہیں ہونا چاہئے بلکہ عوامی فلاح و بہبود پر ریاستی نظم و نسق کو اولین ترجیح دینی چاہئے لیکن اس طرح کے اقدامات ریاستی حکومت کی جانب سے نہیں کئے جارہے بلکہ شخصی انتقامی کارروائیوں کے ذریعہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیرقیادت ریاستی حکومت ریاست آندھراپردیش کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ لہٰذا انہوں نے کم از کم ابھی بھی اپنے طرزعمل میں تبدیلی لانے کا مسٹر سوجنا چودھری نے چیف منسٹر آندھراپردیش کو مشورہ دیا۔
