اسٹوڈنٹ بس پاس پر پچاس کیلو میٹر سفر کی سہولت
حیدرآباد 11 اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے ریاست کے مدارس، کالجس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے لئے خوشخبری کا اعلان کیا ہے کہ آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کی بسوں میں مدارس جانے کے لئے سفر کرنے والے طلباء و طالبات کو فراہم کرنے والے رعایتی بس پاسیس کے حدود میں اضافہ کیا ہے۔ موجودہ فاصلہ 35 کیلو میٹر کو بڑھاکر اب 50 کیلو میٹر کرنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ ریاست میں تقریباً مدارس و کالجس زایداز 40 سے 50 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہیں جس کی وجہ سے طلباء و طالبات کو مدارس و کالجس تک پہونچنے میں کافی مشکلات پیش آرہی تھیں۔ ریاست میں زایداز 660 تعلیمی ادارے 35 کیلو میٹر سے زیادہ فاصلہ پر ہیں جس کے پیش نظر حکومت نے طلباء و طالبات کے اس مسئلہ کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے 35 کیلو میٹر کے بجائے 50 کیلو میٹر کے فاصلہ تک رعایتی بس پاسیس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اضافہ کے ذریعہ جاری کئے جانے والے نئے رعایتی بس پاسیس کی وجہ سے حکومت پر 18.50 کروڑ روپئے کا زاید مالی بوجھ سالانہ عائد ہوگا۔
