اے پی کے مسلمانوں کو حج اور عیسائیوں کو بیت اللحم سفر کیلئے مالی اعانت میں اضافہ

   

امراوتی 19 نومبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کی وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت نے حج کے سفر پر روانہ ہونے والے مسلمانوں اور یروشلم کا سفر کرنے والے عیسائیوں کو دی جانے والی سرکاری مالی اعانت میں اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے پرنسپال سکریٹری محمد الیاس رضوی نے اس ضمن میں دو علیحدہ احکام جاری کئے ہیں۔ سالانہ 300,000 روپئے کی آمدنی کے زمرہ میں شامل افراد کو یروشلم، بیت اللحم، نظارت، دریائے اردن، بحر مردار کے سفر کے لئے 60,000 روپئے بطور مالی اعانت دیئے جائیں گے۔ 3 لاکھ سے زائد سالانہ آمدنی والے افراد کو 20,000 تا 30,000 روپئے کی امداد دی جائے گی۔ عیسائیوں کو اس سفر کے لئے دی جانے والی مالی امداد میں قبل ازیں 2016 ء میں اُس وقت کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے 40,000 روپئے تک اضافہ کیا تھا جو اب 60,000 روپئے ہوگئی ہے۔