نیٹ امتحان کی منسوخی کی چیف منسٹر ٹاملناڈو سے درخواست، واقعہ کی سوشیل میڈیا میں ستائش
حیدرآباد۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے چینائی میں چیف منسٹر این کے اسٹالن کے قافلہ کو روک دیا۔ آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع سے تعلق رکھنے والے این ستیش نامی نوجوان نے چیف منسٹر کے گزرنے کے راستہ پر ایک پلے کارڈ کے ساتھ اسٹالن کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ۔ پلے کارڈ پر تحریر تھا ’’چیف منسٹر سر ۔ ہیلپ می ‘‘ چیف منسٹر اسٹالن سکریٹریٹ جارہے تھے کہ راستہ میں اس نوجوان کو دیکھ کر انہوں نے اپنی گاڑی کو روک دیا اور نوجوان کو قریب بلاکر بات کی۔ نوجوان نے کہا کہ سر میں آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع سے تعلق رکھتا ہوں ۔ نیٹ امتحان کے نتیجہ میں مجھے میڈیکل کورسس میں داخلہ نہیں مل سکا۔ لہذا ملک کو نیٹ امتحان سے نجات دلائی جائے۔ آپ کی حکومت نیٹ امتحان کو ختم کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ آندھراپردیش کے لئے بھی آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ صرف ٹاملناڈو ہی نہیں بلکہ سارے ملک کو نیٹ سے نجات دلانے کی آپ کوشش کیجئے۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے اس نوجوان کی دلچسپی سے سماعت کی اور اس سلسلہ میں جدوجہد جاری رکھنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیٹ امتحان کی برخواستگی کیلئے اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے گورنر کو روانہ کیا گیا ہے۔ انتہائی مصروف ترین علاقہ میں ایک نوجوان کے پلے کارڈ کو دیکھ کر چیف منسٹر کا اپنی گاڑی کو روک دینے کا عوام کی جانب سے زبردست خیرمقدم کیا گیا۔ سوشیل میڈیا میں اسٹالن کی بھرپور ستائش کی جارہی ہے ۔ ر