حیدرآباد۔ آندھراپردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ان کی اہلیہ بھارتی نے گنٹور کے بھارت پیٹ میں واقع سکریٹریٹ کے 140ویں کمرہ میں کوویڈ کا ٹیکہ لیا۔ وزیر اعلی نے وارڈ /ولیج سکریڑیٹ کے لئے اس ٹیکہ اندازی کے پروگرام کا آغاز کیا۔اس موقع پرانہوں نے تمام اہل افراد جن کی عمر45برس سے زائد ہے پر زوردیا کہ وہ ٹیکہ لیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی کا پروگرام 90دن میں مکمل کرلیاجائے گا۔اس بات کااعادہ کرتے ہوئے کہ کوویڈ کا ٹیکہ ضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی ہی اس انفکشن سے بچنے کا واحد راستہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے بڑے پیمانہ پر ٹیکہ اندازی کی مہم کی شروعات کی ہے جس کی مثال ملک میں کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ولیج والینٹرس گھر گھر سروے کریں گے اور آشاورکرس اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر گھر کے اہل افرادکو ٹیکہ دیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ والنٹرس تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ناموں کااندراج کرینگے اور ٹیکہ اندازی کی تاریخ دینگے ۔وزیراعلی نے کہا کہ احتیاطی اقدامات کے حصہ کے طورپر ایمبولنس گاڑی کو ڈاکٹرس اور دیگر طبی اسٹاف کے ساتھ سکریٹریٹ میں رکھاجائے گا جس کو ایک اکائی بنایا گیا ہے اور ٹیکہ اندازی کا پروگرام یگنم کی طرح انجام دیاجائے گا۔ٹیکہ اندازی کے بعد وزیراعلی کو کچھ دیر کیلئے نگرانی میں رکھاگیا اور بعد ازاں انہوں نے ڈاکٹرس و سکریٹریٹ کے اسٹاف کے ساتھ بات چیت کی۔