اے پی کے کسانوں کا احتجاج58ویں دن میں داخل

   

حیدرآباد۔ 13فروری (یو این آئی) ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کااحتجاج جاری ہے ۔ کسانوں کے ساتھ ساتھ مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی احتجاج کررہے ہیں۔یہ احتجاج آج58ویں دن میں داخل ہوگیا۔ آج مختص اراضیات کے کسانوں نے دھرنا دیتے ہوئے حکومت کے موقف پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ان احتجاجیوں کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے جس میں لکھاگیا کہ یہ کسان حقیقی ہیں،ان کی اراضی مستقل ہے اور امراوتی مستقل دارالحکومت ہے ۔ایسے ہی ایک اور احتجاجی نے اپنے ہاتھ میں پلے کارڈس تھاما تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امراوتی ہی دنیا کا بہترین دارالحکومت ہے ۔ایک احتجاجی نے اپنے ہاتھ میں پلے کارڈ تھاما تھا جس میں لکھاگیا تھا کہ تغلق وائرس،کرونا وائرس سے کافی خطرناک ہے ۔ اس احتجاج میں کسانوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا۔کسانوں کا ماننا ہے کہ حکومت ان کے پسندیدہ دارالحکومت امرواتی کو ان سے چھین رہی ہے جو مناسب نہیں ہے کیونکہ سابق وزیراعلی چندرابابو کے دور حکومت میں انہوں نے نئی امیدوں کے ساتھ نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے اپنی اراضیات حکومت کو دی تھیں اور اب نئی حکومت ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز رکھتی ہے جس کے لئے بل بھی اسمبلی میں منظور کرلیا گیا ہے جو ان کے لئے قابل قبول نہیں ہے ۔ ان کسانوں نے مطالبہ کیا کہ تین دارالحکومتوں کی تجاویز سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔کسانوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے اس اعلان کو فوری طورپر واپس لے ۔