حیدرآباد16مئی (یواین آئی) اے پی کے وشاکھاپٹنم ضلع کی ایل جی پالی مرس کمپنی سے گیس کے اخراج کے واقعہ کے سلسلہ میں سی سی ٹی وی فوٹیجس سامنے آئے ہیں۔اس واقعہ میں 12افراد کی موت ہوگئی تھی اور سینکڑوں افراد متاثر ہوگئے تھے ۔کئی افراد سانس لینے میں دشواری کا سامنا کررہے تھے اور اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ہی پڑے تھے جن کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیاگیاتھا۔اس واقعہ کے سلسلہ میں سی سی ٹی وی فوٹیجس سامنے آئے ہیں جس میں متاثرین کو مشکل صورتحال میں دیکھاجارہا ہے۔ ضلع کے آرآروینکٹاپورم علاقہ جہاں جنوبی کوریا کی ملکیت والی یہ کمپنی قائم ہے کے ایک مکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ سامنے آئے فوٹیجس میں متاثرین کو مسائل سے دوچار ہوتے ہوادکھایاگیا ہے ۔ان دل دہلادینے والے فوٹیجس میں متاثرین کو پولیس اور این ڈی آرایف کے اہلکاروں کی جانب سے ہاسپٹل پہنچانے اور راحت کام انجام دینے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔اس واقعہ کے بعد دیہات میں صورتحال کے قابو میں آنے کے بعد مقامی افراد کو واپس ان کے مکانات کو بھیجاگیا۔اس واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔
