چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا جائزہ اجلاس ، کورونا کیسوں میں کمی
حیدرآباد: چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے کہا کہ کورونا کیسوں میں کمی کو دیکھتے ہوئے کرفیو میں نرمی میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ 5 مئی سے ریاست میں کرفیو نافذ کیا گیا اور مزید رعایتوںکے ساتھ جزوی کرفیو برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرفیو کے نفاذ سے کورونا کیوں میں کمی ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کے ساتھ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا ، عہدیداروں نے بتایا کہ نہ صرف کیسوں میں کمی آئی بلکہ پازیٹیو ریٹ اور ریکوری کی شرح میں نمایاں فرق دیکھا گیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 20 جون کے بعد کرفیو میں مزید نرمی سے متعلق حکومت تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے جاریہ فیور سروے کو ہر گھر تک توسیع دینے ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی بھی شخص میں کورونا علامات پائی جائیں تو فوری علاج شروع کیا جائے۔ پازیٹیو آنے کی صورت میں عہدیداروں کو فوری چوکس ہونا پڑے گا۔ آندھراپردیش میں 16,000 سے زائد کورونا کے مریض دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ ان میں سے 14,000 کا آروگیہ شری کے تحت مفت علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کیسیس میں کمی کو دیکھتے ہوئے چوکسی میں کوئی تساہل نہ کیا جائے ۔