اے پی : 26 نئے اضلاع کا 4 اپریل کو آغاز

   

امراوتی ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش میں 26 نئے اضلاع کے قیام کیلئے اعلامیہ دو دن میںجاری کردیا جائیگا اور چیف منسٹر و ائی ایس جگن موہن ریڈی 4 اپریل کو نئے اضلاع کا آغاز کریں گے ۔ پلاننگ سکریٹری وجئے کمار نے یہ بات بتائی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کے قیام کے سلسلہ میں عوام سے جملہ 17,500 تجاویز و اعتراضات موصول ہوئے تھے اور چیف منسٹر نے 90 فیصد کو حل کردیا ہے ۔ جملہ 284 یادداشتیں بھی موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ منڈلوںکو عوامی نمائندگی پر سابقہ اضلاع سے دوسرے اضلاع کو منتقل کردیا گیا ہے تاکہ تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ہر ضلع میں کم از کم دو ریوینیو ڈویژن ہونگے ۔ نئے اضلاع کے سیٹ اپ سے مرکزی حکومت کے پلاننگ ونگ کو بھی واقف کروادیا جائے گا ۔