اے پی ‘ 262 طلبا کورونا سے متاثر

,

   

امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں 2 نومبر کو اسکولس دوبارہ کھولے جانے کے بعد 262 طلبا اور 160 ٹیچرس کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ اسکولس نویں اور دسویں جماعت کیلئے کھولے گئے تھے ۔ اسکولی تعلیم محکمہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کمشنر اسکولی تعلیم وی چنا ویرا بھدروڈو نے کہا کہ متاثرہ طلبا اور اساتذہ کی تعداد تشویشناک نہیں ہے ۔ جب طلبا اسکولس کو باقاعدہ آ رہے تھے اس وقت یہ تعداد زیادہ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں میں کورونا سے بچاو کے تمام تر احتیاطی اقدامات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دن 4 نومبر کو تقریبا چار لاکھ طلبا نے اسکولس میں حاضری دی ۔ ان میں 262 طلبا کورونا پازیٹیو قرار پائے ہیں۔ یہ ایک فیصد بھی نہیں ہے ۔ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ اسکول جانے کی وجہ سے انہیں کورونا ہوا ہے ۔ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اسکولوں میں ہر جماعت میں صرف 15 تا 16 طلبا ہی موجود رہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے بموجب آندھرا پردیش میں نویں اور دسویں جماعت میں جملہ 9.75 لاکھ طلبا موجود ہیں جن میں تقریبا 3.98 لاکھ طلبا نے کل جماعتوں میں شرکت کی تھی ۔ ریاست میں جملہ 1.11 لاکھ ٹیچرس ہیں۔ ان میںچہارشنبہ کو 99,000 اساتذہ نے اسکولس میں حاضری دی تھی ۔