میدک۔/19 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم پارٹی کے سینئر قائد و سابق سکریٹری متحدہ ریاست آندھرا پردیش مسٹر اے کے گنگادھر راؤ کو قومی صدر تلگودیشم و سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ان کی حرکیاتی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی ریاست تلنگانہ مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر گنگادھر قیام تلگودیشم کے دور ہی سے پارٹی کے لئے مختلف عہدوں پر نامزد ہوتے ہوئے اپنے کامیاب نقوش چھوڑے ہیں۔ وہ بانی تلگودیشم پارٹی آنجہانی این ٹی راما راؤ کے قریبی رفیق رہ چکے ہیں، اب اس طرح وہ چندرا بابو نائیڈو کے بھی بااعتماد رفیق ہیں، وہ کبھی تلگودیشم نہیں چھوڑے، پارٹی کے نشیب و فراز دیکھ چکے ہیں۔ قبل ازیں وہ میدک ضلع تلگودیشم پارٹی کے صدر اور متحدہ ضلع میدک کے ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو مارکیٹنگ سوسائٹیز کے صدرنشین اور سکریٹری تلگودیشم اور انچارج حلقہ اسمبلی میدک کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حلقہ اسمبلی میدک سے سابق میں وہ آنجہانی رکن اسمبلی میدک کرنم رامچندر راؤ، سابق رکن اسمبلی کرنم اوما دیوی اور مسٹرمائنم پلی ہنمنت راؤ کو ایم ایل اے منتخب ہونے پر اپنی کافی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اے کے گنگادھر راؤ نے بحیثیت جنرل سکریٹری نامزدگی پر صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر کاسانی گیانیشور اور قومی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا۔