تقاریب کے سلسلہ میں چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔5اگسٹ(سیاست نیوز) یوم آزادی تقاریب کے سلسلہ میں حکومت کے انتظامات پر ڈاکٹر ایس کے جوشی نے آج جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حسب روایت قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم کشائی انجام دیں گے۔ڈاکٹر جوشی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حسب روایت انتظامات کو مکمل کرلیں۔ انہوںنے عہدیداروں کو بتایا کہ چیف منسٹر 15اگسٹ کو پرچم کشائی سے قبل پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر یادگار شہیداں پہنچیں گے جہاں شہیدان آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد قلعہ گولکنڈہ پہنچیں گے۔ اجلاس میں یوم آزادی انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں مسٹر اجئے مشرا‘ آدھار سنہا‘ مسٹر دانا کشور ‘ مسٹر ایم مہیندر ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ محکمہ آثار قدیمہ ‘ جی اے ڈی ‘ محکمہ ٹورازم کے علاوہ لاء اینڈ آرڈر کے عہدیداروں نے یوم آزادی تقاریب کی تیاریوں اور اقدامات کے متعلق چیف سیکریٹری کو واقف کروایا ۔ علاوہ ازیں بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے قلعہ گولکنڈہ کے اطراف کاموں اور یوم آزادی کی تیاریوں کے متعلق اجلاس کو واقف کروایا۔ محکمہ پولیس نے اپنے صیانتی انتظامات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ڈاکٹر جوشی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور حسب روایت بڑے پیمانے پر انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔انہو ںنے بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے عہدیداروں کو ہدایات دی کہ وہ قلعہ گولکنڈہ کے اطراف و اکناف موبائیل ٹوائلیٹس کی تنصیب عمل میں لائیں اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دینے کے علاوہ صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔