دبئی۔17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی حکام آسٹریلیا میں مقرر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے باضابطہ آغاز سے قبل ہند۔ پاک وارم اپ میچ کی میزبانی کیلئے بے چین ہیں اورآئندہ برس 18اکتوبر کو روایتی حریفوں میں مقابلے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس کا مقصد شائقین میں جوش و خروش پیداکرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے آئندہ برس آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور ہندوستان کے درمیان وارم اپ میچ کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور اگرچہ ابھی میگاایونٹ کا مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم گورننگ باڈی حکام بے چین ہیں کہ ایونٹ کے پہلے میچ سے قبل 18 اکتوبر کو روایتی حریف ٹیمیں مقابل آئیں۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے حکام ہند۔پاک میچ کے حق میں ہیں لیکن بی سی سی آئی کو اس بارے میں مطلع تک نہیں کیا گیا ۔ ذرائع حیران ہیں کہ یہ منصوبہ کس کے ذہن کی اختراع ہے کیونکہ ایونٹ کا شیڈول دو سال قبل طے کرنے کے باوجود اب ایک وارم اپ میچ سے جوش و جذبہ ابھارنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان اور ہندوستان کے درمیان باہمی مقابلے کئی برس سے موقوف ہیں اور دونوں ٹیمیں آئی سی سی کے عالمی ایونٹس میں ہی مقابل آتی ہیں تاہم رواں سال انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ میں بھی ہندوستان نے پاکستان کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا اشارہ دیا تھا ۔