سستے دام پر فروخت ، معصوم شہری ٹھگ لیے گئے ، سال 2019 کے اعداد و شمار میں انکشاف
حیدرآباد۔17فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں دھوکہ دہی بھی سائبر انداز کی ہونے لگی ہے اور سائبر دھوکہ دہی کا شکار افراد کی تعداد صرف سال 2019 کے دوران 3838 تک پہنچ چکی ہے جنہیں مجموعی اعتبار سے 13کروڑ 3لاکھ کا دھوکہ دیا جاچکا ہے۔ سال 2019 کے دوران OLX پر موٹرسائیکل ‘ موبائیل فون‘ کیمرہ یا لیاپ ٹاپ کی سستے داموں میں فروخت کے نام پر کی جانے والی دھوکہ دہی کے سلسلہ میں اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ OLX کے ذریعہ ایک سال کے دوران 3838 افراد کو دھوکہ دیا جاچکا ہے اور اس دھوکہ دہی میں اکثر سستے داموں میں اشیاء کی فروخت کے نام پر معصوم شہریوں کو ٹھگا جا رہا ہے ۔حیدرآباد کمشنریٹ کے حدود میں اس سلسلہ میں جملہ 1642 شکایات 2019 کے دوران درج کی گئیں جن میں جملہ 5کروڑ 23 لاکھ کی دھوکہ دہی ریکارڈ کی گئی ۔ اسی طرح سائبر آباد کمشنریٹ کے حدود میں 1309 شکایات درج کی گئیں جن میں4کروڑ 37لاکھ لوٹنے کے واقعات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں 887شکایات درج کی گئی ہیں جن میں 3کروڑ 47 لاکھ ٹھگنے کا ریکارڈ ہے۔ OLX ویب سائٹ پر جہاں مستعملہ اشیاء کی فروخت کے لئے اشتہار دیئے جاتے ہیں اس ویب سائٹ پر فرضی اشتہارات کے ذریعہ گاہکوں کو راغب کرتے ہوئے انہیں ٹھگنے والے ان ٹھگوں کی جانب سے سستے داموں کے ذریعہ راغب کیا جا رہاہے اور اس کے علاوہ گاہک کو یقین دہانی کیلئے فوجی کے شناختی کارڈ استعمال کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے شہریوں کو متنبہ کرتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ وہ اس طرح کی کسی بھی جعل سازی کا شکار ہوتے ہوئے رقومات کھاتوں میں منتقل کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ ٹھگوں نے یہ نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے جس کے ذریعہ وہ شہریوں کو لوٹ رہے ہیں اور ان کے ذریعہ ٹھگے جانے والے افراد کے پاس سوائے پولیس میں شکایت درج کروانے کے کوئی اور راستہ نہیں رہتا۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں اس طرح کے کئی واقعات منظر عام پر آنے لگے ہیں اور موبائیل فون کی فروخت کے نام پر بہ آسانی دھوکہ دہی کی جا رہی ہے کیونکہ موبائیل کی فروخت کے سلسلہ میں معاہدہ کے بعد ڈاٹا کی منتقلی کے نام پر فون لیکر فرار ہونے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں اور اسی طرح موٹر سائیکل کی فروخت کے سلسلہ میں معاہدہ اور رقومات کی منتقلی کے بعد موٹر سائیکل حوالہ نہ کرنے کی بھی شکایات وصول ہونا عام بات ہوتی جا رہی ہے۔