دبئی ۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے 5 اوورز میں 136 رنز بنانے کا ہدف پاکستان کو دینے کے فیصلے کادفاع کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد میچ شروع کر کے پاکستان کو رن ریٹ بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ کا اختتام ڈک ورتھ لوئس کے تحت ہوا۔ بارش کی وجہ سے جب کھیل رکا تو اس وقت پاکستان نے 35 اوورز میں 6 وکٹوں پر 166 رنز بنائے تھے۔ اگر اس وقت میچ ختم قرار دے دیا جاتا تو پاکستان ٹیم ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 86 رنز سے شکست ہوجاتی، تاہم بارش تھمتے ہی امپائرز نے میچ شروع کرنے کا اعلان کیا اورپاکستان کو 5 اوورز میں 136 رنز کا ہدف ملا۔ نظام کے تحت تبدیل شدہ نشانہ 40 اوورز میں 302 رنز کا رہا یعنی ایک اوور میں 28 رنز کی اوسط درکار تھی جس پر ماہرین نے کڑی تنقید کی۔ اس تنقید کے جواب میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ٹاپ فور میں آنے کے لیے رن ریٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے، میچ کو ختم کر دینا ایک اچھا فیصلہ نہ ہوتا۔