نئی دہلی، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر مالکم مارشل کا شماراپنے وقت کے سپر فاسٹ گیند بازوں میں ہوتا ہے ۔ جن کی گیندبازی کا انداز مختلف ہونے کے ساتھ ساتھ گیندوں کو اپنے طریقے سے تیز اور ہلکی کرکے سوئنگ کرانا اور بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانا ان کے لئے کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ مالکم ڈینزل مارشل پورا نام، 18 اپریل 1958 کو برج ٹاؤن ، بارباڈوس میں پیداہوئے ۔ ان کے والد پولیس محکمے میں ملازمت کیا کرتے تھے ۔ بچن میں ہی والد کا انتقال ہونے کے سبب نانا نے ان کی پرورش کی ذمہ داری اٹھائی۔ بہت کم عمری میں ہی ان کے نانا نے انہیں کرکٹ کا بلا اور گیند تھما دی تھی۔ انہوں نے اپنی کمر عمری میں ہی کرکٹ کھیلنا شروع کردیا تھا۔ عمر کے ساتھ ساتھ کرکٹ کی جانب توجہ مزید بڑھتی رہی۔ مارشل نے کرکٹ کے میدان میں جب باقاعدہ قدم رکھا تو ابتدائی میچوں میں انہوں نے کوئی خاص کارنامہ انجام نہیں دیا۔ البتہ 13 جنوری 1978 کو جمائیکا کے لئے کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی پہلی اننگز میں شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹ حاصل کئے ۔دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مارشل نے 15 دسمبر 1978 میں ہندستان کے خلاف ٹسٹ میچ کھیل کر اپنے کرکٹ کیرئر کا آغاز کیا اور 8 اگست 1991 میں آخری ٹسٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔ سال 1999 کے ورلڈ کپ کے دوران مارشل کو کینسر جیسی جان لیوا تکلیف نے گھیر لیا اور وہ اپنی اس تکلیف سے دوبارہ صحت یاب نہیں ہوسکے ۔ 4 نومبر 1999 کو ایک بہترین تیز گیند باز اس دنیائے فانی کو رخصت کہہ گیا۔