بنگلو: بنگلور میں ایک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں عوام نے ایسے کارڈزکی تقسیم پر اعتراضات اٹھائے ہیں جن میں ایک کیو آرکوڈ شامل تھا جو بائبل کی تعلیمات کی طرف رہنمائی کررہا ہے ۔ ہندوکارکنوں اور مقامی افراد نے الزام لگایا ہے کہ اس ڈیجیٹل طریقے سے مذہبی تبدیلی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ بنگلورکے بیگور علاقے میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق بیگور مین روڈ پر خواتین کے ایک گروپ نے ایسے کارڈز تقسیم کیے جو دیکھنے میں ذاتی وزٹنگ کارڈز جیسے معلوم ہورہے تھے، جن میں کیوآرکوڈ شامل تھا۔ خواتین نے دعویٰ کیا کہ اگر لوگوں کو زندگی کے مسائل، بے روزگاری یا شادی میں مشکلات کا سامنا ہو، توکیوآرکوڈ اسکین کرنے سے ان کے مسائل کا حل مل سکتا ہے۔ ایک خاتون نے جب اس گروپ کو راہگیروں سے بات کرتے اورکارڈ تقسیم کرتے دیکھا، تو ان سے ان کی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا۔ گروپ نے اسے بتایا کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے تو وہ کیوآرکوڈ اسکین کرکے حل حاصل کر سکتی ہے۔ جب اس خاتون نے موقع پر ہی کیوآرکوڈ اسکین کیا تو یہ بائبل کی تعلیمات پر مشتمل مواد کی طرف لے گیا۔ مذہبی مواد سامنے آنے کے بعد خاتون نے اس گروپ سے سوالات کیے، تاہم وہ خواتین جوکیوآرکوڈ والے کارڈ تقسیم کر رہی تھیں، فوراً وہاں سے چلی گئیں۔ ہندوکارکنوں نے بنگلور میں ڈیجیٹل مذہبی تبدیلی کی ان کوششوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔