بائیو گیاس کی تعمیرات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے

   


سدی پیٹ میں پلاسٹک کی سڑکیں تعمیر کرنے ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ کی ہدایت
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے بائیو گیاس تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے اس سے متعلق ایجنسیوں سے مذاکرات کرنے کی بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ سدی پیٹ میں آج ہریش راؤ نے مختلف ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لیا ۔ جس میں بسوا پور ریسورس پارک میں خشک اور تری کچرے کے قیام کا مرکز ، پلاسٹک ری پراسسنگ یونٹ ، پلاسٹک سے تیار ہونے والی اینٹوں کے یونٹس کا بھی آغاز کیا ۔ خشک اور تری کچرے کو جمع کرنے والے مرکز کا دورہ کرتے ہوئے مختلف امور پر عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بساپور کے ریسورس پارک میں نرسری کا بھی اہتمام کرنے کا مشورہ دیا ۔ کچرے اٹھانے والے گاڑیوں کو ریسورس پارک میں رکھتے ہوئے سی سی کیمرے لگانے اور اس کو میونسپل کمشنر کے سیل فون سے مربوط کرنے کی ہدایت دی ۔ روزانہ کچرا اٹھایا جارہا ہے یا نہیں اس کا مشاہدہ کرنے کا کمشنر بلدیہ کو مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے ہر گھر سے کچرا اٹھانے خشک اور تری کچرے کو الگ الگ کرنے کی ڈی آر سی سنٹر والوں کو مکمل ذمہ داری حوالے کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈمپ یارڈس میں کچرا جمع نہ ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ پلاسٹک کے ذریعہ سڑک تعمیر کرنے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہونے پر اس کو سارے شہر میں توسیع دینے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں تمام عصری سہولتوں سے آراستہ مفت ڈائیگناسٹک ہب کا افتتاح کیا ۔ اس ڈائیگناسٹک ہب میں 56 اقسام کے طبی ٹسٹ کیے جائیں گے ۔۔