بائیڈن انتظامیہ میں پابندیوں کے منصوبہ ساز شامل : مندوب خامنہ ای

   

واشنگٹن : امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن کے ایران کے حوالے سے لچک دار موقف کے باوجود ایران عہدیدار ان سے کافی مایوس اور بدظن دکھائی دیتے ہیں۔ ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل میں خامنہ ای کے مندوب سعید جلیلی نے کہا ہے کہ نئے امریکی صدر کی انتظامیہ میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کی حکومت میں ایران پر پابندیوں کی منصوبہ سازی کی تھی۔ انہوںنے توقع کہ جوبائیڈن انتظامیہ ایران پر ٹرمپ کی سخت دبائو کی پالیسی کو ‘اسمارٹ پریشر’ میں تبدیل کرے گی۔خیال رہے کہ سعید جلیلی سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے دور میں ایران کی قومی سلامتی کے سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ گروپ 5+1کے ساتھ کئی سال تک مذاکرات کرنے والی ایرانی مذکراتی ٹیم میں شامل رہ چکے ہیں۔سعید جلیلی کے بیان سے ایک روز قبل خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا تھا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کی پہلی شرط ٹرمپ کے ایران پر پابندیوں سے متعلق ‘ٹریگر میکانزم’ کا خاتمہ ہو گا۔علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ایران پرپابندیاں اٹھانا سب سے اہم ہے۔