l عالمی وبا کوروناوائرس سے نمٹنا اولین ترجیح ۔1.9 ٹریلین ڈالر کا پیاکیج کانگریس میں منظور کرانے کی سعی
l اسکولوں کی کشادگی بھی نئی حکومت کے ایجنڈہ پر نمایاں ۔ آب و ہوا کے مسئلہ پر بھی ٹھوس کارروائی
واشنگٹن : صدر جوبائیڈن نے اپنے عہدہ کے ابتدائی 100 یوم کیلئے پرجوش اور بامعنی ایجنڈہ ترتیب دیا ہے جس میں وہ آب و ہوا میں تبدیلی کے مسئلہ سے لیکر امیگریشن میں اصلاحات اور کوروناوائرس وبا تک تمام معاملوں کا احاطہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ بائیڈن نے گذشتہ روز اپنے عہدہ کے 50 دن پورے کئے جبکہ ان کا نظم و نسق بڑی کامیابی درج کرانے کوشاں ہے۔ یہ معاملہ 1.9 ٹریلین ڈالر مالیت کے ان کے زبردست کوروناوائرس امدادی پیاکیج کی کانگریس میں منظوری سے متعلق ہے۔ متعلقہ بل میں لاکھوں امریکیوں کو راست ادائیگیوں اور وائیٹ ہاؤس کی جانب سے کئی دیگر مسائل پر رقمی تعاون و مدد کی تجویز شامل ہے۔ بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم میں بعض بڑے وعدے کئے جیسے اسکولوں کی دوبارہ کشادگی اور زیادہ سے زیادہ امریکیوں کو ٹیکہ اندازی۔ 50 دنوں میں بائیڈن نے کئی کلیدی وعدوں کے معاملہ میں نمایاں پیشرفت کرلی ہے۔ بائیڈن نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد ابتدائی ہفتوں کے دوران کوروناوائرس وبا سے نمٹنے کے معاملہ کو ترجیح دی اور اس کا نمایاں فائدہ ہوا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کی کوششوں سے آئندہ ہفتے کے اختتام تک نئی حکومت کے 100 دنوں میں 100 ملین امریکیوں کو ویکسین کے خوراک دینے کا نشانہ مکمل ہوجائے گا۔ موجودہ طور پر روزانہ ٹیکہ اندازی کی اوسط شرح زائد از 2 ملین خوراک ہے۔ بائیڈن کی حلف برداری کے بعد سے زائد 75 ملین ویکسین ڈوز دیئے جاچکے ہیں۔ آب و ہوا سے متعلق پالیسی میں بھی بائیڈن نے نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے اپنی حلف برداری کے دن ہی ایک ایگزیکیٹیو آرڈر پر دستخط کئے جس نے Keystone XL آئیل پائپ لائن کیلئے پرمٹ منسوخ کردیا اور بعض دیگر اقدامات بھی کئے۔ امریکہ کے اسکولوں کی دوبارہ کشادگی بائیڈن کی انتخابی مہم میں کئے گئے بڑے وعدوں میں سے ہے۔ اس پر عملدرآمد بلاشبہ مشکل ہے لیکن بائیڈن انتظامیہ اسے روبہ عمل لانے سنجیدگی سے اقدامات کررہا ہے۔ مقامی عہدیداروں اور ٹیچرس یونینس کے ساتھ تعاون و اشتراک میں کام کیا جارہا ہے۔ پرائمری اسکولوں کو ہفتے میں کم از کم 5 دن کھولنے کی تجویز زیرغور ہے۔ کریمنل جسٹس کے معاملہ میں اصلاحات کے بارے میں نمایاں پیشرفت بھی بائیڈن انتظامیہ کے ایجنڈہ پر ہے۔ پرائیویٹ پریزن کنٹراکٹس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ بائیڈن نے اپنے ابتدائی 100 دنوں میں ’’پولیس اوورسائیٹ بورڈ‘‘ قائم کرنے کا عہد بھی کررکھا ہے۔
