بائیڈن ولیعہد کے بجائے صرف شاہ سلمان سے بات کریں گے

   

واشنگٹن : ترجمان وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ امریکی صدرجوبائیڈن آئندہ صرف سعودی شاہ سے ہی رابطہ رکھیں گے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے میڈیا کو بتایا کہ جوبائیڈن سعودی ولی عہدکے بجائے صرف شاہ سلمان کیساتھ بات چیت کریں گے اور صرف سعودی شاہ سے ہی رابطہ رکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ شروع میں سعودی عرب کیساتھ روابط نئے سرے سے طے کرنے کا اشارہ دیاتھا ۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ حوثی باغیوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے کام کررہا ہے اور حوثی ملیشیا پر عائد کردہ اقوام متحدہ کی پابندیاں برقرار رہیں گی۔یمن میں امریکی مندوب تموتھی لینڈر کنگ نے کہا کہ سعودی عرب میں شہریوں کی املاک پر حوثیوں کے حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن یمن میں بحران کے حل کیلئے سعودی عرب ، یمنی حکومت اور اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی گریفتھس کیساتھ مل کر کام کرنے کے منتظرہے۔