واشنگٹن : ڈونالڈ ٹرمپ اور اْن کے دیگر ریپبلکن ساتھیوں نے حماس کے اسرائیل پر حالیہ حملے کی ذمہ داری بائیڈن انتظامیہ پر عائد کی ہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس کیلئے ریپبلکنز نے ایران کو ٹرانسفر کیے گئے چھ ارب ڈالر کا حوالہ دیا ہے تاہم بائیڈن انتظامیہ کے مطابق یہ رقم تاحال ایران نے استعمال نہیں کی۔حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد امریکہ کے صدارتی الیکشن کی مہم میں ایک نیا خارجہ پالیسی محاذ کْھل گیا ہے جو پہلے ہی اس بار غیرمعمولی طور پر خارجہ امور پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔روس کی یوکرین کے خلاف جنگ نے ریپبلکنز کو تقسیم کیا ہوا ہے۔ٹرمپ اور فلوریڈا کے گورنر رون ڈیسانٹس امریکہ کی یوکرین جنگ میں مستقل مداخلت پر سوال اٹھا رہے ہیں جبکہ سابق نائب صدر مائیک پنس اور کئی دیگر یوکرین کی فوج کی حمایت کو امریکہ کی نیشنل سکیورٹی مفادات کیلئے اہم قرار دیتے ہیں۔امریکہ کے اگلے صدارتی الیکشن کیلئے ریپبلکنز کے اندر سے امیدوار اسرائیل کی حمایت پر متفق رہے۔آئیوا ریاست میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’حماس کے اسرائیل کے علاقے میں دہشت گرد حملے اور اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کا قتل ایک وحشیانہ فعل ہے جس کو بہر صورت کچل دینا چاہیے۔‘