واشنگٹن : امریکہ کے آئندہ صدر جو بائیڈن کورونا کی وبا کے تناظر میں یورپ سے امریکہ آنے والے مسافروں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ بائیڈن کے ایک ترجمان کی ٹویٹ کے مطابق نو منتخب حکومت کورونا کے سنگین بحران کے سلسلے میں طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے یورپی مسافروں کی اپنے ہاں آمد پر پابندی قائم رکھے گی۔ اس طرح بائیڈن سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حکم کو کالعدم قرار دے رہے ہیں۔ ٹرمپ نے آئندہ منگل سے غیر ملکیوں کے امریکہ میں داخلے پر لگی پابندی کو منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اْسی دن سے امریکہ پہنچنے والے تمام غیر ملکی مسافروں پر کورونا ٹسٹ کرانا بھی لازمی قرار دیا تھا۔