واشنگٹن ۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور جاپانی وزیراعظم یوشی ہیڈے سْوگا نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران عالمی سطح پر چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کے خلاف تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ جو بائیڈن نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران اس ملاقات کو ’نتیجہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سوگا اور انہوں نے واشنگٹن ٹوکیو اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ایجنڈا میں چین سرفہرست رہا۔ بائیڈن نے بیجنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی کوششوں میں جاپان کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے جیوپولیٹیکل امور کے ساتھ ساتھ بالخصوص آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر بائیڈن کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملکی رہنما کے ساتھ یہ پہلی دو بدو ملاقات تھی۔
