بائیڈن کی حلف برداری تقریب میں حیدرآبادی موجود

   


بزنسمین لطفی حسن 40 سال سے ٹیکساس میں مقیم ہیں

حیدرآباد : انڈین ۔ امریکن کمیونٹی لیڈر لطفی حسن ، جنہوں نے بائیڈن ۔ ہیریس مہم کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن کے لئے ساؤتھ ایشینس کے ایک بورڈ ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ، ان منتخب چند معززین میں شامل تھے جنہیں چہارشنبہ کو واشنگٹن میں امریکہ کے نئے منتخب صدر بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کی تاریخی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا تھا ۔ ہوسٹن میں اپیکس گروپ آف کمپنیز کے چیرمین مسٹر لطفی حسن ایک حیدرآبادی ہیں جو 40 سال سے زائد عرصہ سے ٹیکساس میں مقیم ہیں ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کی حیثیت سے انہیں کانگریس کے ممبرس ، کابینی ارکان اور ناٹو ممالک کے چند منتخب سفارتکاروں کے ساتھ اس حلف برداری تقریب میں مدعو کیا گیا تھا ۔ اس تقریب میں کوویڈ وباء کے باعث وی آئی پیز کی محدود تعداد نے شرکت کی ۔ ایک صحافتی ریلیز میں مسٹر حسن نے کہا کہ یہ حلف برداری امریکہ کو جنوبی ایشیاء کے سفر کا نقطہ عروج بھی ہے ۔ مسٹر حسن نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 20 انڈین ۔ امریکنس کو بائیڈن ایڈمنسٹریشن میں خدمات انجام دینے کیلئے کلیدی عہدوں پر مقرر یا نامزد کیا گیا ہے ۔ بشمول نیراٹنڈن ، ڈائرکٹر آف وہائٹ ہاؤز آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ ڈاکٹر ویویک مورتی ، ٹوئینٹی فرسٹ یو ایس سرجن جنرل اور ونیتا گپتا اسوسی ایٹ اٹارنی جنرل شامل ہیں۔