واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کے ذریعہ اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کے آئندہ صدر جوزف بائیڈن کی حلف برداری تقریب میں شامل نہیں ہوں گے۔ بائیڈن آئندہ 20 جنوری کو امریکہ کے اگلے صدر کے عہدے کا حلف لیں گے ۔ ہندوستانی نژاد کملا ہیرس نائب صدر کی حیثیت سے حلف لیں گی ۔ ٹرمپ کا ٹوئٹ اشارہ ہے کہ امریکی پارلیمنٹ میں تشدد اور خون خرابے کے بعد انہوں نے اقتدار کی منتقلی کو بھلے ہی قبول کرلیا ہو، لیکن وہ اب بھی انتخابی نتائج کو قبول نہیں کرپائے ہیں ۔ ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور اسی وجہ سے بائیڈن کی جیت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے چہارشنبہ کو ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ امریکی انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے امریکی پارلیمنٹ کیپٹل ہل میں جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کرنے کو کہا تھا۔ اس دوران امریکی کانگریس یعنی پارلیمنٹ میں امریکی صدر کا فیصلہ کرنے والے الیکٹورل کالج یعنی انتخابی نمائندے جمع ہوئے تھے۔ اس دوران ٹرمپ کے حامی پارلیمنٹ احاطے کے اندر گھس گئے۔ تمام کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ ان کی ہاتھا پائی ہوئی۔ زبردست تشدد اور ہنگامہ آرائی کے دوران 4 مظاہرین کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد تشدد بھڑکانے کے الزامات کو لے کر فیس بک، انسٹا گرام، ٹوئٹر نے ٹرمپ کے اکاؤنٹ پر غیر معینہ مدت کے لئے پابندی عائد کردی ہے ۔