بائیڈن کی میانمار فوج کے ہاتھوں نہتے شہریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت

   

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے میانمار(برما) میں فوج کے ہاتھوں نہتے مظاہرین کیخلاف خونریز کریک ڈاون کی اتوار کوسخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ہفتہ کومیانمار کے مختلف شہروں میں فوجی بغاوت کیخلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران فوج کی وحشیانہ فائرنگ اور خونی کریک ڈاون میں 7بچوں سمیت کم سے کم 107 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔انہوں نے اپنی آبائی ریاست ڈیلاور میں اپنے ایک مختصر بیان میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ برما میں فوج کے ہاتھوں معصوم شہریوں کیخلاف جو کچھ ہوا ہے وہ ’اشتعال انگیز‘ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو ہوا وہ خوفناک ہے اور مجھے موصول ہونے والی اطلاعات میں پتہ چلا ہیکہ برما کی فوج اور سیکیورٹی فورسز نے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بغیر کسی وجہ کے قتل کیا ہے۔ہفتہ کومیانمار میں یکم فروری کو فوج کے ذریعہ بغاوت انجام دینے کے بعد سے سب سے خونریز دن دیکھا گیا جب 7بچوں سمیت کم سے کم 107 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ میانمار میں فوج کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔