ماسکو:روس نے امریکہ کے ساتھ بگڑتے دو طرفہ تعلقات سے متعلق مشاورت کے لیے امریکہ میں موجود اپنے سفیر کو واپس ماسکو بلا لیا ہے۔روس کی وزارتِ خارجہ نے کل واشنگٹن میں تعینات سفیر اناطولی انتونوو کی عارضی واپسی سے متعلق واضح کیا کہ سفیر کی واپسی کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے راستوں کی نشاندہی کرنا ہے جو اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ امریکہ روس کے ساتھ تعلقات کو ایک بند گلی میں لے گیا ہے جب کہ ماسکو کی کوشش ہے کہ تعلقات کو دوبارہ استوار کیا جائے۔روسی سفیر کی وطن واپسی کا اعلان امریکی صدر جوبائیڈن کے ’اے بی سی‘ ٹیلی ویژن پر چہارشنبہ کو نشر ہونے والے ایک انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے۔اس انٹرویو میں صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن کو اپنے بدخواہانہ اقدامات کی قیمت چکانا پڑے گی’۔جوبائیڈن کے بقول انہوں نے روسی ہم منصب کو کہا تھا کہ ’میرے خیال سے آپ میں احساس نہیں ہے‘، جس پر ان کے بقول روسی صدر نے جواب دیا تھا کہ ’ہم ایک دوسرے کو جانتے ہیں‘۔